6 اگست 2026 - 17:29
عراق۔اردن سرحد پر حشد الشعبی کی سکیورٹی کارروائیاں، حفاظتی اقدامات مزید سخت

بغداد: حشد الشعبی نے عراق اور اردن کی مشترکہ سرحد پر واقع طریبیل بارڈر کراسنگ اور اس سے ملحقہ صحرائی علاقوں میں سکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، عراق کے صوبہ الانبار کے ایک سکیورٹی ذریعے نے بتایا کہ عراق اور اردن کی مشترکہ سرحد پر واقع طریبیل بارڈر کراسنگ پر سکیورٹی انتظامات میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، حشد الشعبی کے ایک سکیورٹی یونٹ نے طریبیل بارڈر کراسنگ سے متصل صحرائی علاقوں میں سخت حفاظتی اقدامات نافذ کیے ہیں۔ یہ سرحدی گزرگاہ صوبہ الانبار کے مغربی حصے میں واقع ہے۔

سکیورٹی ذریعے نے بتایا کہ یہ اقدامات مغربی الانبار میں واقع عراقی سرحدی گزرگاہوں کی حفاظت مزید مضبوط بنانے کے لیے سکیورٹی کمانڈ کی منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، سکیورٹی فورسز نے صحرائے الرطبہ اور اردن کی سرحد سے متصل دیگر علاقوں میں داعش کے اہم ٹھکانوں کو تباہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ کسی بھی ممکنہ دراندازی کو روکنے کے لیے مغربی علاقوں کے داخلی و خارجی راستوں، مرکزی اور ذیلی شاہراہوں پر متعدد مستقل اور موبائل چیک پوسٹیں بھی قائم کر دی گئی ہیں۔

سکیورٹی ذریعے نے مزید بتایا کہ طریبیل بارڈر کراسنگ پر کیے گئے یہ اقدامات شام کی سرحد پر القائم اور سعودی عرب کی سرحد پر عرعر بارڈر کراسنگ پر نافذ سکیورٹی منصوبوں کے ساتھ مربوط ہیں، جن کا مقصد تینوں سرحدوں پر داعش کے باقی ماندہ عناصر کی نقل و حرکت روکنا اور ان کا تعاقب کرنا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha